اسلام آباد: حکومت کی جانب سے گزشتہ 11 سال میں قرضوں اور آمدنی کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 11 سال میں ملکی آمدن میں ساڑھے تین گنا اور قرضوں میں 6 گنا سے زائد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 2008 میں حکومتی آمدن 1500 ارب، مجموعی قرضہ 6100 ارب تھا، جون 2019 کو ختم ہونے والے سال میں آمدن 4900 ارب روپے تھی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس عرصے میں قرضے 32 ہزار 700 ارب تک پہنچے، گزشتہ ایک سال میں حکومتی آمدن میں تیزی سے کمی اور قرض میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال میں آمدن 300 ارب روپے کمی کے ساتھ 4900 ارب روپے رہی جبکہ حکومتی قرضے 77 ارب روپے اضافے سے 32 ہزار 700 ارب روپے ہوگئے۔
پیپلزپارٹی کے دور میں حکومتی آمدن 1500 ارب سے بڑھ کر 3 ہزار ارب ہوئی، اس دوران حکومتی قرضے 6100 سے بڑھ کر 14 ہزار 300 ارب ہوئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ن لیگ دور میں آمدن 3 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 5200 ارب تک پہنچی، اس دور میں حکومتی قرضے 14 ہزار 300 ارب سے بڑھ کر 25 ہزار ارب تک جاپہنچے تھے۔