اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کی ہر طرح سےتسلی ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل پر پارلیمانی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر فروغ نسیم نے شرکاء کو بریف کیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت میں فروغ نسیم نے بتایا کہ آرمی ایکٹ پر تمام سیاسی جماعتوں کوبریفنگ دی ہے، جوسوالات تھےان کےجوابات دیئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارےحساب سے اپوزیشن کی ہر طرح سے تسلی ہوئی تاہم کل صبح ساڑھے 10 بجے دوبارہ پارلیمانی کمیٹی کااجلاس ہوگا۔
صحافی نے پوچھا کہ اپوزیشن نے مزید وقت کیوں مانگا؟ جس پر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ یہ بات آپ اپوزیشن سے پوچھیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف نے صحافیوں کو بتایا کہ چاروں سروسزچیفس سےمتعلق ترمیم پیش ہوگی جب کہ حکومت مطمئن نہ کرسکی ایسی کوئی بات نہیں۔