کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب ایک ریسٹورنٹ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب ریسٹورنٹ میں دھماکا ہوا ہے جس میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کے اہل کار موقع پر پہنچے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا سلنڈر کا نہیں تھا، خیال کیا جا رہا تھا کہ دھماکا سلینڈر کے پھٹنے کا ہے تاہم پولیس نے اس کی تردید کر دی، اور کہا کہ پائپ سے گیس لیک ہونے کے باعث دھماکا ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق واقعہ ریسٹورنٹ انتظامیہ کی غفلت کے باعث پیش آیا، کھانا بنانے کے لیے اسٹوو میں گیس کھلی چھوڑ دی گئی تھی، جس کی وجہ سے اس میں گیس بھر گئی، بعد ازاں آگ جلائی گئی تو دھماکا ہو گیا۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئی تھیں تاہم ریسٹورنٹ میں لگی آگ پر ایک فائر ٹینڈر نے قابو پایا، اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایک اور واقعے میں رزاق آباد مین بس اسٹاپ کے قریب ورکشاپ میں سلنڈر بلاسٹ میں 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنھیں ایمبولینس کے ذریعے سِول اسپتال برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔