واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کو تاریخ کی بدترین اسپیکر قرار دیدیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈیمو کریٹس نے ایوان میں امریکی تاریخ کا غیرشفاف ترین کام کیا ہے، اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مواخذے کی کوشش سے ڈیمو کریٹس کو کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈیمو کریٹس جو کام خود نہ کرسکے اب وہ ری پبلکنز سے کہہ رہے ہیں، ڈیمو کریٹس ایوان میں مجھے قصور وار ثابت نہیں کرسکے، امریکی عوام کے لیے مواخذے سے زیادہ اہم دوسری چیزیں ہیں۔
واضح رہے کہ نینسی پلوسی نے مواخذے کا معاملہ اگلے ہفتے سینیٹ میں پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں : نینسی پلوسی کا ارکان کانگریس کے ہمراہ دورہ اردن، ٹرمپ کی تنقید
اس سے قبل بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے سینئر ارکان کانگریس کی معیت میں اردن کے دورے کی شدید مذمت کی تھی جس میں انھوں نے اردنی حکام کے ساتھ شام کی صورت حال پر تبادلہ کیا۔
انہوں نے شامی بحران کو اوباما انتظامیہ کی تباہ کن میراث قرار دیتے ہوئے سوال کیا تھا کہ صدر اوباما نے شام میں کس بات کو ”سرخ لکیر“ قرار دیا تھا؟
ایک ٹویٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نینسی پلوسی اردن کا دورہ کرنے والے ایک 9 رکنی وفد کی قیادت کر رہی ہیں جس میں آدم شیف نامی بد عنوان شخص شامل ہے تاکہ شام کی صورت حال کی تحقیقات کر سکیں۔