کراچی: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ پروگرام کے تحت میرٹ پر نوجوانوں کو قرضے دیے جا رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے جوانوں کو نظرانداز کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پروگرام کا مقصد نوجوانون کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، پروگرام کے تحت میرٹ پر نوجوانوں کو قرضے دیے جا رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے جوانوں کو نظرانداز کیا۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے چھوٹے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا، کامیاب جوان پروگرام کا مقصد کاروبارمیں مدد فراہم کرناہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری جی ڈی پی کا 40 فیصد ہیں، بینکنگ شعبے کو بھی ایس ایم ای سے متعلق سوچ بدلنا ہوگی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اسکیم کا آغازکیا تو 15 دن میں ساڑھے 12 لاکھ نوجوانوں نے درخواست دی، ڈھائی لاکھ نوجوانوں کی درخواست غلط بیانی کی وجہ سے مسترد ہوئیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب دکاندار پروجیکٹ شروع کریں گے، ابتدائی طور پر 1 سے 50 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا۔