اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مؤقف ہے کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دیا جائے، عہد کرتے ہیں کشمیر کی آزادی تک بھارتی ظلم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کی قیادت میں کشمیر ریلی اقوام متحدہ کے مبصر مشن دفتر پہنچی۔ فردوس عاشق اعوان نے مبصر مشن کو مسئلہ کشمیر پر یادداشت پیش کردی۔
یادداشت میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، مقبوضہ کشمیر کا پر امن حل اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کشمیری مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدر آمد چاہتے ہیں۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدر آمد یقینی بنائے۔
یادداشت میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 6 ماہ سے بدترین لاک ڈاؤن جاری ہے۔ لاک ڈاؤن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور مظالم کے خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
اسلام آباد: کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد۔ ریلی میں خواتین ارکان پارلیمنٹ،مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کی شرکت۔ معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ریلی سے خطاب۔#KashmirSolidarityDay #StandWithKashmir pic.twitter.com/FsXwMsE23N
— Govt of Pakistan (@pid_gov) February 5, 2020
اس سے قبل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقبوضہ وادی میں جبر و ظلم کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، بھارتی جبر و ظلم سے متاثر کشمیری مائیں بہنیں ہماری طرف دیکھ رہی ہیں۔ مقبوضہ وادی کے بچے بھارتی ظلم کو برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا، مقبوضہ وادی میں بنیادی حقوق کا قتل عام ہو رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مائیں بہنوں کی عزتیں پامال ہور ہی ہیں۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کشمیریوں کو مرضی کے مطابق جینے کا حق دیا جائے، عہد کرتے ہیں کشمیر کی آزادی تک بھارتی ظلم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے عوام کشمیریوں کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتے ہیں۔