جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

جہانگیر پارک سے بچہ اغوا کرنے والی فیملی گرفتار، اغوا کی حیران کن وجہ سامنے آ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے جہانگیر پارک سے ڈیڑھ سالہ بچہ اغوا کرنے والی فیملی کو پولیس نے گرفتار کر لیا، اغوا کاروں نے بچہ اٹھانے کی حیران کن وجہ بیان کر دی۔

تفصیلات کے مطابق بچہ اغوا کرنے والی فیملی کے بیان سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ ظالم ماں باپ نے اپنے بچے کی خواہش پر دوسروں کا بچہ اغوا کر لیا تھا، تاہم پولیس نے گزشتہ روز جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اغوا کار ماں باپ کو گرفتار کر لیا۔ ڈیڑھ سالہ بیٹا سدیس واپس ملنے پر والد عامر فرط جذبات سے زار و قطار رونے لگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جہانگیر پارک کراچی سے بچے کو اغوا کرنے والے ملزمان نے ابتدائی بیان میں انکشاف کیا کہ 9 سال کا روحان ان کا اکلوتا بیٹا ہے، وہ بھائی کے لیے ضد کرتا تھا، بچے کی ضد پوری کرنے کے لیے دوسرا بچہ اغوا کرنے کا سوچا۔

اغوا ہونے والا بچہ سدیس اپنے والد عامر کی گود میں

برقع پوش خاتون نے پارک سے ڈیڑھ سالہ بچے کو اغوا کر لیا

ملزمان کے بیان سے معلوم ہوا کہ ملزمہ رخسانہ نے پہلے شوہر سے طلاق کے بعد ملزم شاہد سے شادی کر لی تھی، بچہ بھی پہلے شوہر تھا، جب اس نے بھائی کے لیے ضد کی تو ملزمان نے سدیس کو جہانگیر پارک سے اغوا کر لیا، اور اسے لے جا کر چنیسر گوٹھ کے مکان پر رکھا۔

ملزمان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سدیس کو روحان سے مانوس کرانے کی کوشش کی اور اس کا خیال رکھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا ابتدائی بیان ریکارڈ کیا گیا ہے، مکمل بیان کل تحریر ہوگا، ملزمان کے ہمراہ بچے، والدہ کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ 9 سال کا روحان بھی ملزمان کا اپنا بچہ ہے یا کسی اور کا ہے۔

یاد رہے کہ اغوا کی واردات دو دن قبل صدر کے علاقے میں واقع جہانگیر پارک میں کی گئی تھی، واردات کی ایف آئی آر پریڈی تھانے میں درج کی گئی تھی، اغوا کی واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی تھی، جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ایک برقع پوش خاتون اور ایک ضعیف العمر شخص بچے کو لے جا رہے ہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں