اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے بینکوں کو 24 فروری سےحج درخواستوں کی وصولی سےروک دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نےحج درخواستوں کی وصولی سے روکنےکا سرکلر جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ بینکس وزارت کی جانب سےمزید ہدایات کا انتظار کریں۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ درخواستوں کی وصولی اور جمع کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، تمام بینکس وزارت کےتاحکم ثانی حج درخواستیں اور رقم وصول نہ کریں۔
سرکلر کے مطابق 24 فروری سے 4 مارچ تک کوئی درخواست یا رقم وصول نہ کی جائے، نئی تاریخ کا حتمی اعلان سوموار تک کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کے اندرونی امور کی وجہ سے تاریخ کےتعین کا فیصلہ واپس لیا گیا ہے تاہم جلد نئی تاریخ کا اعلان کردیاجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: رواں سال حج اخراجات سے متعلق عازمین کے لیے بڑی خبر
قبل ازیں ترجمان وزارت مذہبی امور عمران صدیقی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا حج اخراجات میں صرف27ہزارروپےاضافہ کیاگیا، انشورنس،ویزا فیس میں سعودی عرب نے110 ریال کا اضافہ کیا۔
عمران صدیقی کاکہنا تھا کہ جوائنٹ ورکنگ کمیٹی کسی بھی مسئلے کو حل کرے گی، گزشتہ سال22 ہزار حجاج نے اسلام آبادسے روڈ ٹو مکہ کا فائدہ اٹھایاہے، اس سال 80سے 90 فیصدحاجی سہولت سےفائدہ اٹھاسکیں گے۔
یاد رہے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے کم سے کم حج پیکیج بنانے کی ہدایت کی ہے،ان کی خواہش ہے ملائیشیا کے ماڈل کاحج فنڈ قائم کیا جائے ہمارے لیے حاجی سب کچھ ہے،، حاجیوں کوخوش رکھنا، تحفظ اور خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔