ٹوکیو : جاپان نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ حکام کو نئی پابندی کے بارے میں آگاہ کرے۔
تفصیلات کے مطابق جاپان نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کرتے ہوئے پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگادی اور کہا 27 فروری کے بعد کوریا سے ہوکر آنے والے غیرملکی شہریوں کے جاپان میں داخلے پر پابندی ہو گی۔
اس سلسلے میں جاپانی سفارتخانے نے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، مراسلے میں کہا گیا جو پاکستانی شہری پچھلے دو ہفتوں کے دوران کوریا گئے وہ جاپان داخل نہیں ہوسکتے، کوریا سے آنے والی پاکستانی شہریوں کو صرف مخصوص حالات میں جاپان داخلے کی اجازت ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا پاکستانی وزارت خارجہ سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ حکام کو نئی پابندی کے بارےمیں آگاہ کرے۔
خیال رہے جانب دنیا بھر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2924 ہو گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 85,212 ہے، چین میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2835 ہے۔
جنوبی کوریا میں وائرس سے 2931 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتیں 17 ہوئیں، اس وقت جنوبی کوریا میں چین سے بھی زیادہ نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں ۔
واضح رہے پاکستان میں کرونا وائرس سے شکار ہونے والے دو افراد کی تفصیلات سامنے آئیں تھیں، کراچی میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے شخص کی شناخت یحییٰ جعفری کے نام سے ہوئی ، جو زیارت کر کے چند روز قبل ایران سے کراچی پہنچا تھا۔