جمعرات, جنوری 16, 2025
اشتہار

کرونا وائرس ، سندھ حکومت کا 13 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کی روک تھام اور اس کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اسکولوں کی تعطیلات کو بڑھا کر اسے 13 مارچ تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا کہ صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری اسکول 13 مارچ تک بند رہیں گے۔

- Advertisement -

بعد ازاں سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن رفیق بروڑو نے سندھ بھر کے سرکاری و نجی کالجز بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔ علاوہ ازیں صوبے بھر کے تمام کوچنگ سینٹرز کو بھی 13 مارچ تک بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

محکمہ تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچنگ سینٹرز کو بھی احکامات پر عمل کرنا ہوں گے، اگر کسی نے سینٹر کھولا تو اُس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’تمام پرچے معمول کے مطابق اپنی تاریخوں پر ہی ہوں گے‘۔

یاد رہے کہ  پاکستان میں کروناوائرس کے دو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سندھ حکومت نے تمام تعلیمی اداروں کر پیر دو مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

علاوہ ازیں بلوچستان، گلگت بلتستان اور دیگر شہروں میں بھی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے 27 اور 28 فروری کو صوبے میں تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا، اُن کا کہنا تھا کہ  کرونا وائرس کی خبر کی وجہ سے والدین بہت پریشان تھے، جس کو مددنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا۔

یاد رہے کہ معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک روز قبل تصدیق کی تھی کہ پاکستان میں کرونا کے چار کیسز رپورٹ ہوئے، تمام مریضوں کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔

سندھ حکومت کے اقدامات

کروناوائرس سےنمٹنےکیلئے سندھ حکومت نے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دی جو روزانہ کی بنیاد پر شام 7 بجے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کرتی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے سندھ کے سرحدی علاقوں پر اسکریننگ کے عمل کو مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی اور ایران سے زیارت کر کے واپس آنے والے 1500 لوگوں کی اسکریننگ کی بھی ہدایت جاری کی تھی۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں