تازہ ترین

افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا شروع

کابل : افغانستان سے امریکی فوجیوں کا جزوی انخلا شروع ہوگیا ہے، امریکی فوج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے کہا کہ معاہدے کے تحت امریکی افواج کی تعداد میں مشروط کمی کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد برسوں سے خانہ جنگی کا شکار ملک افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا بالآخر شروع ہوگیا، افغانستان میں امریکی افواج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے جاری بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت امریکی افواج کی تعداد میں مشروط کمی کررہے ہیں۔

کرنل سونی لیگیٹ نے بتایا کہ افغانستان میں 12 سے 13 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، ابتدائی طور پر امریکی افواج کی تعداد گھٹاکر 8600 کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 29 فروری کو قطری دارالحکومت دوحہ میں طالبان اور امریکا میں معاہدے پر دستخط ہوئے، دوحہ میں ہونے والے معاہدے کی رو سے امریکا 135 روز میں تقریباً 5 ہزار فوجی نکالے گا۔

خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دوسرے مرحلے میں امریکا افغانستان سے تمام افواج کا مشروط انخلاء کرے گا، تمام امریکی افواج کا انخلا طالبان کی معاہدے کی پاسداری کی شرط سے مشروط ہے۔

امریکا طالبان کے درمیان تاریخی معاہدہ

خیال رہے کہ امریکا طالبان معاہدے کے تحت 5 ہزار قیدیوں کی رہائی کے میکنزم پر اتفاق کیا جا چکا ہے، طالبان کی رہائی سے متعلق کوئی حکم نامہ آج جاری ہونے کا امکان ہے، غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق 10 مارچ کو طالبان قیدیوں کی رہائی ہونی ہے، طالبان کو بھی ایک ہزار قیدی رہا کرنے ہیں، قیدیوں کی رہائی کے بعد معاہدے کی دوسری شق پر عمل ہوگا۔

Comments

- Advertisement -