ریاض: امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں جراثیم کش ادویہ، احتیاطی تدابیر اور صفائی کا نظام زائرین کو کرونا وائرس سے بچانے اور اللہ کی رضا کے لیے کیا جارہا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کرونا وائرس کے پھیلاﺅکو روکنے اور اس سے بچاﺅ کے لیے خانہ کعبہ، مسجد الحرام خصوصاً حجر اسود پر جراثیم کش ادویہ کے اسپرے میں بذات خود حصہ لیا اور رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے زائرین کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جو عشاء کے ایک گھنٹے بعد سے فجر سے ایک گھنٹہ قبل تک حرم کے صحن، غلاف (کسوہ)، حجر اسود، مقام ابراہیم سمیت دیگر حصوں کی دھلائی، صفائی اور پھر اُن پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرتی ہیں۔
علاوہ ازیں رضا کار بقیہ اوقات میں بھی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھتے ہیں۔
عبدالرحمان السیدیس نے صفائی کرنے والے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے خانہ کعبہ، صحنِ مطاف، حجر اسود، رکن یمانی اور مقامی ابراہی کی خود صفائی کی اور فرش کی دھلائی سمیت جراثیم کش ادویہ کا خود اسپرے بھی کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امامِ کعبہ کا کہنا تھا کہ ’مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کو کرونا وائرس سے بچانے اور اُن کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے صفائی، دھلائی اور اسپرے کا کام جاری ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’حرم کی صفائی ستھرائی کا کام اعزاز اور فخر کی بات ہے کیونکہ اس کی بدولت اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کی حفاظت ہوگی اور وہ تکالیف سے محفوظ رہیں گے، اللہ کی رضا کے لیے کیے جانے والے عمل پر رب ہمیں بڑے اجر سے نوازے گا۔