اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ترسیلات زر میں پانچ فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیا ، اس دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 15 ارب 12 کروڑ 17 لاکھ ڈالرپاکستان بھیجے۔
تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ترسیلات بڑھ گئیں، اسٹیٹ بینک کے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ترسیلات زرمیں 4.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے، رواں مالی سال جولائی تافروری بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پندرہ ارب بارہ کروڑسترہ لاکھ ڈالرپاکستان بھیجے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال اسی عرصے میں یہ حجم چودہ ارب پینتیس کروڑساٹھ لاکھ ڈالرتھا، فروری میں ترسیلات کاحجم ایک ارب اسی کروڑ ڈالر رہا، جوگذشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے پندرہ فیصد زائدہے۔
اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے آئیں، دوسرے نمبر پر یواے ای ، امریکہ تیسرے اور برطانیہ چوتھےنمبرپرہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافہ ملکی بیرونی کھاتوں میں دباؤکوکم کرےگا تاہم ماہرین نےخدشہ ظاہرکیاہےکہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے ترسیلات زر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب ترجمان وزارت خزانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کی معاشی پالیسوں پراعتماد اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی ریکارڈ کی گئی ، ترسیلات زر کا حجم فروری میں 1.8ارب ڈالر رہا ۔
،ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ حجم گزشتہ سال کے اسی عرصے سے15 فیصد زائد ہے، رواں مالی سال جولائی تا فروری ترسیلات زرکاحجم 15ارب 10کروڑ ڈالر رہا جبکہ ، گزشتہ مالی سال کےمقابلے ترسیلات میں 5.4فیصد کا اضافہ ہوا۔