اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی کم از کم امدادی قیمت 1400 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ای سی سی کےخصوصی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت 1400روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ گندم کی خریداری سے متعلق اعلیٰ سطح مانیٹرنگ گروپ تشکیل دیدیاگیا ہے جس میں وزیر فوڈسیکیورٹی، وزیر ریلوے، وزیراقتصادی امور اور مشیر پٹرولیم حصہ ہوں گے۔
گروپ گندم کی خریداری کے امور آسان بنانے کیلئے پاسکو اور صوبے مل کر کام کریں گے۔
اجلاس میں پاسکو کی جانب سے 18لاکھ ٹن گندم کی خریداری سےمتعلق بریفنگ دی گئی جب کہ تیل کی کم ہوتی قیمتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو جلد دینے کا فیصلہ کیا گیا، انٹرا بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کیلئے 1.28 کروڑ کی گرانٹ کی منظوری دی گئی تاہم مسابقتی کمیشن کے 2015سے 2017 کے بجٹ پر آئندہ اجلاس میں غور ہوگا۔