لاہور: ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کرپٹ لیگ کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کرپٹ لیگ کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں، کرپٹ لیگ کی جعلی قیادت اپنے ممبران کا اعتماد بھی کھو چکی۔
انہوں نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی خاموشی کی ’’ذاتی وجوہات‘‘اب کوئی معمہ نہیں رہیں ،قومی دولت واپس کریں اور شوق سے اپنے اصل وطن برطانیہ لوٹ جائیں۔
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم قومی دولت لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے، مریم نواز اپنے بھائیوں، والد،چچا اور انکل ڈار کی واپسی کی تاریخ بتائیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کی رہنما اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں خاموش تھی اس کی بہت سی وجوہات تھیں، مجھے میڈیا پر دکھانے پر بھی پابندی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سویلین بالادستی کے لیے میرا عزم اور مضبوط ہوا ہے، میں پارٹی کی ڈسپلن پر چل رہی ہوں، جب پارٹی نے کہا کہ مجھے آگے آکر کردار ادا کرنا چاہیے تو آپ پیچھے نہیں دیکھیں گے۔