کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل وقت سے پہلےختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل کرنے سے متعلق وسیم خان نے کہا کہ دونوں سیمی فائنلز 17مارچ کو کھیلےجائیں گے اور فائنل 18مارچ کو ہو گا۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹیو کا کہنا تھا کہ ہمارے لیےضروری تھا کہ پی ایس ایل کواختتام تک پہنچائیں،لاہور میں بھی بند دروازے میں میچز کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے حالات بدل گئے ہیں، کھلاڑیوں کے بلائنڈ ٹیسٹ لیے جاچکے ہیں اور سب کھلاڑیوں کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں، لوکل کھلاڑیوں کیلئےموقع ہے جیسے آج پشاور زلمی نے کھلائے ہیں۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش بورڈ کے سربراہ سے رابطہ کیا ہے، بنگلہ دیشی بورڈ غور و فکر کے بعد جواب دے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے۔ پی سی بی نے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل
فیصلے کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کو چار روز تک محدود کردیا گیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اب 34 کی بجائے 33 میچز کھیلے جائیں گے۔
نئے شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنلز 17 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ٹیم اب ایونٹ کی چوتھی بہترین ٹیم سے دوپہر 2 بجےپہلے سیمی فائنل میں مدمقابل آئے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اور تیسری پوزیشنز پر موجود ٹیموں کے درمیان مقابلہ شام 7 بجے شروع ہوگا۔
ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروزبدھ کو شام 7 بجےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔شیڈول میں تبدیلی تمام ٹیموں کے مالکان کی رضامندی سے کی گئی ہے۔