پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کرونا کے منفی اثرات کے خلاف امریکی مرکزی بینک کا بڑا اقدام

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے منفی اثرات کے خلاف امریکی مرکزی بینک نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے شرح سود صفر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی معیشت پر کرونا وائرس کے منفی اثرات بڑھنے لگے ہیں، جس کے آگے بندھ باندھنے کے لیے امریکی مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود صفر کر دی گئی ہے۔

امریکی مرکزی بینک نے 700 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا بھی اعلان کر دیا ہے، مرکزی بینک نے رقم ٹریژری بلز، مورگیج سیکورٹیز کی خریداری کے لیے جاری کی، اس سے قبل یورپی مرکزی بینکوں نے شرح سود میں نمایاں کمی کی تھی، برطانوی بینک نے بھی شرح سود 0.25 فی صد کر دی ہے۔

شرح سود میں کمی سے عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں بھی نمایاں کمی آ گئی ہے، جاپانی ین کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 1.5 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی، برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 0.9 فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ یورو کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 0.3 فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادھر ایشیائی حصص بازاروں میں مندی کا رجحان برقرار ہے، جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں 22 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، ہانگ کانگ انڈیکس میں 620 پوائنٹس کی کمی ہوئی، تمام چینی اسٹاک مارکیٹ میں مندی ریکارڈ کی جا رہی ہے، کورین اسٹاک مارکیٹ میں 29 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

ایشیائی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان برقرار ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں 94 سینٹس کی کمی ہوئی، برینٹ خام تیل کی قیمت 32 ڈالر 91 سینٹس فی بیرل ہو گئی، امریکی خام تیل کی قیمت میں 44 سینٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد خام تیل کی قیمت 31 ڈالر 67 سینٹس فی بیرل ہو گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں