کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل مزیدگہرے ہوگئے، 100 انڈیکس 2200 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 30416پوائنٹس پربند ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو اسٹاک مارکیٹ کا آغاز منفی زون میں ہوا ، آغاز میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 812 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 31 ہزار 804 پوائنٹس تک گر گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران مندی کے باعث ایک بار پھر ٹریڈنگ ہالٹ لگا دیاگیا اور ٹریڈنگ 45 منٹ کیلئے روک دی گئی، کاروبار کی بحالی پر بھی مندی برقرار رہی۔
کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2201 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 30ہزار30416 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
گزشتہ 3ٹریڈنگ سیشنزمیں 100انڈیکس میں 5645پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس میں سات اعشاریہ سات فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ایشیائی حصص بازاروں میں ملاجلارجحان دیکھنےمیں آرہاہے، جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں 30 پوائنٹس کااضافہ جبکہ تمام چینی اسٹاک مارکیٹس میں معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
ہانگ کانگ انڈیکس میں دوسو اناسی پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی، امریکی اوریورپی اسٹاک مارکیٹس کااختتام بھی زبردست تیزی میں ہوا، ڈاؤجونزانڈیکس میں ایک ہزارانچاس پوائنٹ،نیسڈیک انڈیکس میں ایک سوسینتالیس پوائنٹ کااضافہ ہوا جبکہ برطانوی،جرمن اورفرانسیسی مارکیٹس مثبت زون میں بند ہوئیں۔
خیال رہے گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے اسٹاک مارکیٹ مسلسل کمی کا شکار ہے اور انڈیکس 40 ہزار سے 30 ہزار کی سطح تک گر گیا، معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کرونا وائرس کے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں۔