ایریزونا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز الٹی پڑ گئی، ملیریا کی دوا کرونا وائرس کا علاج ثابت ہونے کی بجائے موت کا باعث بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایک امریکی نے ٹرمپ کی تجویز کے بعد گھر میں کلوروکوئن ملا کیمیکل استعمال کر کے موت کو گلے لگا لیا، جب کہ اس کی بیوی کو نازک حالت میں اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 60 سالہ میاں بیوی نے امریکی صدر کی ‘معجزانہ دوا’ کی تیاری کے چکر میں اپنی جانیں خطرے میں ڈالیں، ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے ملیریا کی دوا کلوروکوئن کے بارے میں کہا تھا کہ یہ کرونا وائرس کے علاج میں مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔
کیا ملیریا کی دوا کلوروکوئن کرونا کا مقابلہ کر سکتی ہے؟
امریکی ریاست ایریزونا کے محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ مذکورہ میاں بیوی نے کلوروکوئن فاسفیٹ کھالیا تھا جو گھروں میں عام طور پر ایکوریم کلینر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، کیمیکل استعمال کرنے کے آدھے گھنٹے کے بعد انھیں اسپتال پہنچایا گیا، تاہم مرد کو نہیں بچایا جا سکا جب کہ خاتون کی حالت نازک ہے۔
HYDROXYCHLOROQUINE & AZITHROMYCIN, taken together, have a real chance to be one of the biggest game changers in the history of medicine. The FDA has moved mountains – Thank You! Hopefully they will BOTH (H works better with A, International Journal of Antimicrobial Agents)…..
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) March 21, 2020
خیال رہے کہ ماہرین کی جانب سے پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا کہ ملیریا کی دوا کے بارے میں ابھی تک کوئی سائنسی ثبوت نہیں ملا ہے کہ یہ کرونا وائرس کے علاج میں مؤثر ہے یا نہیں۔ مقامی محکمہ صحت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ چوں کہ کووِڈ 19 کے بارے میں ابھی تک غیر یقینی صورت حال ہے، اس لیے لوگ نئے راستے تلاش کر رہے ہیں، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ لوگ سیلف میڈیکیشن شروع کر دیں۔
محققین تاحال ملیریا کی دوا کلوروکوئن پر تجربات کر رہے ہیں تاہم یہ ثابت نہیں ہو سکا ہے کہ یہ کرونا وائرس کے لیے مؤثر ہے یا نہیں۔