کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کرونا کے 394 کیسز ہیں، کراچی میں 134، سکھر فیز ون میں 151، فیز ٹو میں 109 ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا کے 83 مقامی منتقلی کے کیسز شہر میں رپورٹ ہوئے، ملیر میں 98 زائرین رکھے گئے ہیں، لاک ڈاؤن کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے کسی ریلوے اسٹیشن سے مسافر کو جانے نہ دیا جائے، سندھ میں بذریعہ ریل آنے والوں کا فیصلہ کچھ دیر میں کر لیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا ٹیسٹنگ کی گنجائش مزید بڑھائی جائے گی، گزشتہ ہفتے 10اسپتالوں میں 180ٹیسٹ کرنے کی گنجائش تھی، صوبے بھر کے اسپتالوں میں اس ہفتے 1200 ٹیسٹ کی گنجائش کر دی گئی ہے، آئندہ ہفتے 3400 ٹیسٹ کرنے کی گنجائش کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاڑکانہ میں 83 لوگوں کے ٹیسٹ کروائیں جائیں گے، ملیر میں رکھےگئے 98 افراد کے بھی ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
مراد علی شاہ نے صوبے کے تمام اخراجات کنٹرول کرنے اور تنخواہ، پینشن کے علاوہ تمام ادائیگیاں روکنےکی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ نے گریجویٹی، ایکیشمینٹ، ایل پی آر وغیرہ کی ادائیگیاں فی الحال روک دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ خزانہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل کو خط لکھ دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے ریٹائرڈڈ ملازمین کو جلد پینشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے محکمہ فنانس کو 25 مارچ سے پینشن دینے کی ہدایت کر دی۔