کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس میں مبتلا خاتون انتقال کرگئیں جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 6 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کراچی میں کرونا وائرس میں مبتلا خاتون کے انتقال کی تصدیق کردی جس کے بعد آج کراچی میں کرونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 3 ہوگئی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کی 63 سالہ خاتون کو سانس کی تکلیف تھی، متاثرہ خاتون 10 روز قبل سعودی عرب سے کراچی پہنچی تھیں۔
دوسری جانب حیدرآباد میں مزید 31 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، محکمہ صحت سندھ کے مطابق حیدرآباد میں 24 گھنٹوں کے دوران 36 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 2 مریض چل بسے
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ میں سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 566 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1690 ہوگئی ہے، کرونا کے باعث اموات 21 ہوگئیں، 11 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق پنجاب میں 618، سندھ 535، کے پی میں 195 کرونا کے مریض ہیں، بلوچستان میں 152، جی بی 128، اسلام آباد 51، آزاد کشمیر میں 6 مریض زیر علاج ہیں، ملک میں کرونا وائرس کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 53 ہے۔