کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک مرتبہ کسی کو چھوڑ دیں تو پھر اس کو نہیں دیکھتے، آٹا چینی بحران کی فرانزک رپورٹ حکومت کے لیے بہت بڑا امتحان ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’الیونتھ آور‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 25 اپریل پر سب کی نظریں ہیں، میڈیا بھی اس کے پیچھے لگا ہوا ہے، عمران خان کی سیاست بھی فرانزک رپورٹ کی وجہ سے داؤ پر لگی ہوئی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پرنسپل سیکریٹری سے لوگ خوش نہیں ہوتے، اعظم خان معقول انسان ہیں، وزیر پرنسپل سیکریٹری سے خوش نہیں ہوتے، عمران خان اعظم خان پر بھروسہ کرتے ہیں، وزیراعظم نے کہہ دیا ہے وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ادارے اور جمہوری حکومت ساتھ چل رہے ہیں، زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم دیکھ رہا ہوں، چوہدری برادران سمجھدار سیاست دان ہیں، مریم اور بلاول کے ساتھ دھواں چھوڑتے ہوئے انجن انہیں لے ڈوبیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہر آدمی کو گولی دی جاسکتی ہے، عمران خان بھی تو انسان ہیں، پولیٹیکل ڈاکٹرز کی بھی بہت پہنچ ہوتی ہے بڑی پی آر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں اچھے لوگ بھی ہیں جنہیں اوپر آنے نہیں دیا جاتا، پی پی میں دھواں دینے والے انجن نہیں چل سکتے یہ وائرس پھیلائیں گے، بڑے کاغذات دکھا کر ملک سے چلے گئے، میڈیا نے بھی ایسا تاثر دیا کہ آج نہیں تو کل مرنے والا ہے۔