کراچی: شہر قائد میں جمعہ کے روز مکمل لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 2950 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس نے شہر بھر میں ناکوں کی تفصیلات جاری کردیں جس میں بتایا گیا ہے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2950 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آج 335 ہزار 186 افراد کو چیک کیا گیا، ایسٹ زون میں 19 ہزار 262 افراد کو روک کر گھروں سے باہر نکلنے کی وجہ پوچھی گئی۔
پولیس کے مطابق مختلف ناکوں پر شہریوں کو روک پر 690 لاک ڈاؤن خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں مزید 86 افراد کورونا وائرس میں مبتلا، مجموعی تعداد 1214 ہوگئی
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جمعتہ المبارک کے روز مکمل لاک ڈاؤن کے دوران 1103 مقدمات درج کیے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے جمعہ کے روز صبح 12 بجے سے دوپہر 3:30 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔
سندھ حکومت اور علما کرام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جمعہ کی نماز گھروں میں پڑھیں اور مسجد انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ جمعہ کے اجتماعات کو محدود کیا جائے، نماز میں مسجد کا عملہ سمیت 4 سے پانچ افراد شرکت کریں۔