لاہور : حکومت نے کوروناکےپیش نظرریلوے کا ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 14 اپریل کے بعددیکھیں گے کہ لاک ڈاؤن کیسے ختم کیاجائے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی کوآرڈینیشن اور آپریشن سینیٹر کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ رمضان سے قبل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی کوآرڈینیشن اور آپریشن سینیٹر کے اجلاس ہوا، جس میں وزیر ریلوے شیخ رشید اور چیف سیکریٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں ملک بھر میں ٹرین سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 14 اپریل کے بعد دیکھیں گے کہ لاک ڈاؤن کیسے ختم کیاجائے، وزیراعظم عمران خان اور جہانگیرترین کے تعلقات میں تھوڑی اونچ نیچ ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے کو بندش کے باعث یومیہ 20 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، محکمے نے 15 اپریل کو ٹرینیں بحال کرنے کا ہوم ورک مکمل کر رکھا تھا لیکن وسیع تر عوامی مفاد میں ٹرینیں بند رکھی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے باعث 14 اپریل تک ٹرین سروس معطل ہے جبکہ وزیر ریلوے شیخ رشید کہہ چکے ہیں کہ اگر لاک ڈاؤن ختم ہوا تو 14 اپریل سے 22 ٹرینیں چلا دیں گے۔