اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ 15 اپریل کے بعد کیا کرنا ہے کل اجلاس میں فیصلہ کر لیا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ کل صبح نیشنل کمانڈ سینٹر کی ایک اور اہم میٹنگ ہوگی،کل اجلاس میں وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں آج پیش ہونے والی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا،کل صبح جو سفارشات طےہوں گی اس پر دوپہر میں دوبارہ اجلاس ہوگا،اجلاس اس لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ مشاورت کا بھی مکمل موقع فراہم کیا جاسکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فیصلے ملکی صورت حال، معیشت، کرونا وبا کو دیکھتے ہوئے کیے جائیں گے، چاہتے ہیں مشترکہ طور پر فیصلے کرسکیں،کل نیشنل کمانڈ سینٹر کے اجلاس کے بعد فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ 15 اپریل کے بعد کیا کرنا ہے کل اجلاس میں طے کیا جائے گا، موجودہ صورتحال صرف حکومت نہیں پوری قوم کے لیے کڑا امتحان ہے،پوری قوم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس کے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کرونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،20 سے 25 ہزار ٹیسٹ اپریل کے آخرتک بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں،کوشش کر رہے ہیں اپریل کے آخر تک 20 سے 25 ہزار روزانہ ٹیسٹ کرسکیں۔