تازہ ترین

امریکی صدر سے اچھے تعلقات ہیں، وہ امداد جاری رکھیں گے: ڈاکٹر ٹیڈروس

جینیوا: عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کو امریکا سب سے زیادہ امداد دیتا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہمارے تعلقات اچھے ہیں وہ مدد گار رہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ امید ہے امریکا سے امداد جاری رہے گی، کووڈ19 سوائن فلو سے 10گنا زیادہ خطرناک ہے، کرونا وائرس کا پھیلاؤ انتہائی تیز اور خطرناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ ملکوں میں 3سے4دن میں کیسز دگنے ہورہے ہیں، کرونا کے پھیلاؤ کو مکمل روکنے کے لیے مؤثر ویکسین کی ضرورت ہے، لاک ڈاؤن کو آہستہ آہستہ اٹھایا جائے جلدی نہ کی جائے۔

ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روک دی

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ملک امریکا کے صدر نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی فنڈنگ روکنے کا اعلان کیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے کرونا پر بہت دیر سے ایکشن لیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کو امریکا سے بہت زیادہ فنڈز ملتے تھے اس کے باوجود ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے امریکا کی جانب سے سفری پابندی کی مخالفت کی تھی جبکہ چین اور یورپ پر سفری پابندی کا فیصلہ درست وقت پر کیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں فریقین کے درمیان کشیدگی کم ہوئی۔

Comments

- Advertisement -