کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نجیب ہارون نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا اور کہا کراچی نے منتخب کیا، لیکن اب تک کراچی کیلئے کچھ نہیں کرسکے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہو گئے ہیں، نجیب ہارون کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا بانی رکن ہونے کے باوجود انہیں فیصلوں میں شامل نہیں کیاجاتا، وزیراعظم عمران خان کواستعفیٰ بھجوادیا ہے۔
نجیب ہارون کاکہنا تھا کہ انہیں کراچی نے منتخب کیا، لیکن اب تک کراچی کیلئے کچھ نہیں کرسکے، میں نہ تنخواہ لیتاہوں نہ کسی قسم کی مراعات اورالاؤنس لیے۔
خیال رہے کہ نجیب ہارون تحریک انصاف کے بانی اراکین میں شامل ہیں اور وہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے منتخب ہوئے تھے۔
یاد رہے رواں سال فروری میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے اپنی ذمہ داری سے استعفی دے دیا تھا اور وزیر اعظم عمران خان نے ان کا استعفی منظور کر لیا تھا ۔
پی ٹی آئی سینئر رہنما افتخار درانی کا شمار وزیر اعظم کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے ، انھوں نے پانامہ کیس، فاٹاالیکشن کیلئےپارٹی میں بھر پور کردار ادا کیا جبکہ عام انتخابات میں بھی پارٹی کیلئےبھر پور خدمات سرانجام دیں، افتخار درانی کےپی کے معاملے پر بھی وزیر اعظم کی ہدایات پر کردار ادا کرتے رہے ہیں۔