کراچی: جامعہ بنوریہ کے مہتمم اور ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت بیان بازی کے سوا کچھ نہیں کررہی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مفتی محمد نعیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام ٹھوکریں کھا رہے ہیں ہمیں معلوم نہیں کہ راشن کس کو تقسیم کیا جارہا ہے، سندھ حکومت بیان بازی سے باہر آ کر اقدامات کرے۔
مفتی محمد نعیم کا کہنا تھا کہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری سےعوام پہلے ہی ستائے ہوئے تھے،کرونا کی وجہ سے نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: رمضان المبارک میں تراویح، نماز جمعہ کے اجتماعات: حکومت اور علماء کرام کے درمیان 20 نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق
انہوں نے اپیل کی کہ مساجد میں آنے والے نمازی طے شدہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، مساجد کمیٹی اور آئمہ کرام مساجد میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل مفتیان کرام اور علمائے کرام نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی تھی جس میں باجماعت نماز اور تراویح کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی تھی۔ علمائے کرام نے حکومتی تجاویز کو تسلیم کیا جس کے بعد صدر مملکت نے اعلان کیا تھاکہ تمام مساجد میں ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان المبارک میں نماز تراویح کی اجازت دے دی گئی ہے۔