کراچی : سندھ کی تاریخ میں سرکاری گندم کی سب سےبڑی چوری کاانکشاف ہوا ،سندھ کے سرکاری گوداموں سے ایک لاکھ 68 ہزارمیٹرک ٹن گندم چوری کی گئی، محکمہ اینٹی کرپشن کو تحقیقات کیلئے درخواست دے دی ہے۔
آروائی نیوز کے نمائندہ ارباب چانڈیو کے مطابق سندھ میں سرکاری گندم کی اربوں روپے کی چوری کا انکشاف سامنے آیا ، محکمہ خوراک سندھ نے سرکاری گوداموں سے ہونےوالے اس چوری کی تصدیق کردی ہے۔
محکمہ خوراک سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری گوداموں سے ایک لاکھ اڑسٹھ ہزارمیٹرک ٹن گندم چوری کی گئی، اس کی مالیت اوپن مارکیٹ میں سات ارب روپے بتائی جارہی ہے۔
محکمہ خوراک کےمطابق اس کےعلاوہ ایک ارب پانچ کروڑ روپے کی گندم نوری آباد کے بعدکراچی آتے آتے غائب ہوگئی، چیف سیکریٹری نے محکمہ خوراک کی گندم چوری کرنے والے ملازمین، ٹھیکیداروں اور ملوث ملز اونر کیخلاف تحقیقات کی سفارش پرانکوائری اینٹی کرپشن کو سونپ دی ہے۔
گذشتہ روز محکمہ خوراک سندھ نے 14 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف رکھا اور اس حوالے سے سخت احکامات بھی جاری کرتے ہوئے کہا ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹرز،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز گندم کی خریداری کے حوالے سے کوششیں تیز کر دیں ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدف مکمل کرنے کے لیے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسران گندم کے ہدف کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔