اشتہار

ایک ہی دن میں تین بار گرفتار ہونے والا شخص کون ہے

اشتہار

حیرت انگیز

کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک چور کو پولیس نے ایک دن میں تین بار گرفتار کر کے چھوڑ دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا کے علاقے گیلنڈورا میں پولیس کو ایک چور کو ایک ہی دن میں تین بار گرفتار کر کے چھوڑنا پڑا کیوں کہ ریاست میں کرونا وائرس وبا کی وجہ سے زیرو کیش بیل پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

گیلنڈورا پولیس ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ اپریل 29 کو انھیں صبح ساڑھے 8 بجے ایک کال موصول ہوئی کہ ایک شخص کسی کی گاڑی چرانے کی کوشش کر رہا ہے، پولیس اہل کار موقع پر پہنچے تو مونٹریری پارک کا رہایشی 24 سالہ ڈیجون لانڈرم چرائی ہوئی گاڑی چلا کر بھاگ رہا تھا، اہل کاروں نے اسے پکڑ لیا، ملزم سے منشیات بھی برآمد ہوئیں، تاہم کیلی فورنیا میں ضمانت بغیر رقم کی نئی پالیسی کی وجہ سے اسے وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

- Advertisement -

پولیس ڈپارٹمنٹ کی پریس ریلیز کے مطابق لانڈرم کو چھوڑنے کے ایک گھنٹے بعد انھیں پھر ایک کال موصول ہوئی کہ ایک مشتبہ شخص ایک بھرا ہوا باکس لے کر جا رہا ہے، اہل کار موقع پر پہنچے تو انھوں نے پھر لانڈرم کو پایا، جو چرائی ہوئی چیزوں سے بھرا باکس لے جا رہا تھا۔ دوسری بار بھی پولیس نے اسے تنبیہ کر کے چھوڑ دیا، کیوں کہ زیرو کیش بیل پالیسی کے تحت اسے کوئی رقم نہیں دینی تھی۔

گھر میں رہنے سے بور ہوئے بچوں نے 46 گاڑیاں چرا لیں

اسی دن شام میں ساڑے آٹھ بجے ایک بار پھر پولیس کو کال موصول ہوئی، اس بار چور ایک پارکنگ لاٹ سے کار چرا رہا تھا، پولیس نے کار کو ٹریک کیا اور پھر لاس اینجلس کاؤنٹی پولیس اور کیلی فورنیا ہائی وے پیٹرول آفیسرز کی مدد سے اس کا پیچھا کر کے اسے پکڑ لیا، تیسری بار بھی چور لانڈرم نکلا۔

تیسری بار بھی پولیس کو اسے وارننگ دے کر چھوڑنا پڑا، اور چور ایک دن میں تیسری بار مزے سے وارداتیں کر کے بھی بغیر ضمانت دیے رہا ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کیلی فورنیا میں یہ ایمرجنسی پالیسی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک چیلنج بن چکی ہے، کیوں کہ مبینہ مجرموں کو عوام میں کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں