لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو ایک اور کیس میں شامل تفتیش کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے خلاف پر چولستان میں 14ہزار4سوکنال غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزام کے تحت نیب ملتان نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
نیب ملتان نے شہبازشریف کو چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیس کا سوالنامہ بھیجا ہے اور سوالنامے کے جوابات 18مئی کو جمع کرانے کی ہدایت کی۔
نیب کے مطابق شہباز شریف پر چولستان میں14ہزار4سوکنال غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔ ادھر نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف سمیت دیگر نے سرکاری زمین خلاف قانون تقسیم کی۔
شہباز شریف نیب کے پاس اثاثوں کی تفصیلات دیکھ کر حیران
ذرائع نے بتایا کہ ’شہبازشریف سے پوچھا گیا ہے اراضی کی الاٹمنٹ میں ان کا کیا کردار تھا، کیس میں بلیغ الرحمان سمیت دیگر سے بھی تفتیش کی جا چکی ہے، لال سہانرا پارک بہاولپور میں اراضی سے متعلق شکایات موصول ہوئیں‘۔
خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کا بھی سامنا ہے۔ وہ چار مئی کو نیب کے روبرہ پیش بھی ہوئے تھے، شہباز شریف سے نیب نے 2گھنٹے تفتیش کی اور وہ ایک بار پھر سوالات کا جواب دینے میں ناکام رہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نیب کے پاس اثاثوں کی تفصیلات دیکھ کر حیران رہ گئے اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے جواب دینے سے قاصررہے جبکہ پارٹی فنڈ سے متعلق سوال کا جواب بھی شہباز شریف گول کر گئے۔