کراچی: این آئی بی ڈی میں بلڈ ڈزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹرطاہرشمسی کا کہنا ہے کہ پیسوامیونائزیشن تھراپی سے کورونا کا پہلا مریض صحتیاب ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہر شمسی نے بتایا کہ پلازمہ ٹرانسفیوژن سے ایک کورونا کامریض ٹھیک ہوگیاہے، صحتیاب ہونےوالےشخص کاتعلق کراچی سے ہے اور اسے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹرطاہرشمسی کے مطابق مریض کو30اپریل کوپلازمہ لگایاگیاتھا اور 8مئی کو مریض مکمل صحتیاب ہوگیاتھا، اس وقت ایک درجن سےزائد مریضوں پرتھراپی استعمال کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک شخص صحتیاب ہونےکےبعدایک سےزیادہ بارپلازمہ دےسکتا ہے تاہم روزے کی حالت میں پلازمہ ڈونیٹ نہ کریں اور افطارکےبعددےدیں۔
ڈاکٹرطاہرشمسی کا کہنا تھا کہ کورونا سے صحت یاب ہونےوالے مریضوں سےدرخواست ہےہمیں پلازمہ دیں،جتنے زیادہ پلازمہ دیے جائیں گے اتنے ہی کورونا مریضوں کاعلاج ہو سکےگا، جن کوبھی پلازمہ لگایا ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا تھا کہ سندھ حکومت نے پلازمہ ٹیکنیک سےعلاج کی اجازت دے دی ہے ، پلازمہ ٹیکنیک سے کورونا مریضوں کا علاج چاروں صوبوں میں ہوگا۔
ڈاکٹرطاہرشمسی کا کہنا تھا کہ کورونامریضوں کےعلاج کیلئے تمام حکومتوں سے ملکر کام کریں گے ، پلازمہ ٹیکنیک سے کورونا مریضوں کو آئی سی یو، وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ علاج کیلئےکوروناوائرس سےصحت یاب افراد کا پلازمہ لیا جائے گا، پلازمہ ٹیکنیک کورونا کے علاج میں بڑی پیشرفت ہے، حکومت کے ساتھ مل کراسی ہفتے لائحہ عمل طے کرلیں گے۔