کراچی : کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ طویل انتظار کے بعد مارکیٹیں کھولی گئی ہیں،2روز تک تاجروں کو ایس اوپیز پر عمل درآمد کیلئے وقت دیاجائے گا۔
یہ بات انہوں نے کراچی کے مختلف بازاروں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، کمشنر کراچی نے دکانداروں کو ہدایات دیں کہ اپنی دکان پر کام کرنے والوں کی لسٹ اور نمایاں جگہ پر ایس او پیز آویزاں کریں، کام کے دوران ماسک اورہینڈ سینیٹائزر کا استعمال لازمی کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دکان میں کام کرنے والوں کے درمیان6 فٹ کا فاصلہ رکھیں، ایک وقت میں ایک گاہک ڈیل کریں اور گاہکوں کے درمیان بھی چھ فٹ کا فاصلہ رکھا جائے، دکان میں ڈس انفیکٹ اسپرے رکھیں اور ہر3سے4گھنٹے بعد اسپرے کریں۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ گاہک آنے کی صورت میں گاہکوں کے لئے فاصلے کےدائرے بنائیں، دکاندارٹمپریچر گن کا استعمال کریں، ان اصولوں پرعمل نہ کرنے کی صورت میں دکان یا مارکیٹ سیل ہوسکتی ہے۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ طویل انتظار کے بعد مارکیٹیں کھولی گئی ہیں،2روز تک تاجروں کو ایس اوپیز پر عمل درآمد کیلئے وقت دیاجائیگا،2روز بعد کارروائی کا آغاز کیا جائے گا، ابھی اسسٹنٹ کمشنرز کو کارروائیوں سے روکا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں ترمیم کردی
لاک ڈاؤن سے پہلےاور اب حالات بہتر ہیں، شہریوں میں آگاہی آرہی ہے، ماسک اور احتیاطی تدابیر پر عمل کررہے ہیں، دکانداروں کوایس او پیز پرہرصورت عمل کرانا ہوگا، دورے کے موقع پر ایک مارکیٹ میں کمشنر کراچی نے اپنا ٹیمپریچر بھی چیک کروایا۔