اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے این ایف سی ایوارڈ سے متعلق بنائےگئےکمیشن پر اعتراضات اٹھا دیے۔
تفصیلات کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر کمیشن کی تشکیل پر اعتراضات سے آگاہ کیاہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ قوانین کے تحت مشیر خزانہ این ایف سی کمیشن کارکن یاسربراہ نہیں بن سکتا، این ایف سی ایوارڈ کمیشن بنانا صدر پاکستان کا حق ہے تاہم 10ویں این ایف سی ایوارڈ کیلئے صوبوں کے ممبران کاتقررغلط کیاگیا۔
خط کے مطابق گورنرز اور وزرائےاعلیٰ سےمشاورت کےبعدصدر کمیشن میں ممبران کی منظوری دیتا ہے این ایف سی ایوارڈکی سربراہی صرف وزیرخزانہ کا استحقاق ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کشمیر،جی بی سمیت ریاستی حکومتوں کےمالیات وفاق برداشت کرےگا اس لیے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مالیات میں اضافہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل صدر مملکت عارف علوی نے 10واں قومی مالیاتی کمیشن(این ایف سی) تشکیل دیا تھا۔
وزیر خزانہ کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان کمیشن کے چیئرمین ہوں گے جب کہ مشیر خزانہ اور چاروں صوبائی وزرائے خزانہ کمیشن کے رکن ہوں گے۔