کراچی : شہر قائد میں دو دن قبل ہونے والے خوفناک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آے آر وائی نیوز کو مل گئی، حادثے میں عمران نامی شخص جاں بحق جبکہ اُس کی اہلیہ سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی خیابان بحریہ پر16مئی کو ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے ار وائی کو موصول ہوگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جلد بازی کے باعث خوفناک تصادم ہوا۔
انٹر سیکشن پر دوگاڑیاں تیز رفتاری کے باعث ٹکرا گئیں گلی سے نکلنے والی کالے رنگ کی کار اور شاہراہ سے آنے والی سفید پراڈو کے ڈرائیوروں میں سے کسی نے بھی بریک نہ لگائی اور زور دار طریقے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں سفید پراڈو الٹ کر روڈ کے دوسری جانب قلابازیاں کھاتی ہوئی جاگری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ اس حادثے میں کالی کار میں سوار کار شوروم کا مالک عمران جاں بحق جبکہ اُس کی اہلیہ سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
عمران ایک کار شوروم کا مالک بتایا جاتا ہے اس کی اہلیہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے، پولیس کے مطابق سفید پراڈو کی اسپیڈ سو کے قریب تھی، پولیس نے سفید پراڈو کے ڈرائیور ارسلان کو گرفتار کرلیا ہے۔
علاوہ ازیں تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ڈیفنس خیابان شہباز میں گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔