کراچی/لاہور : سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کےلیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سعودی ایئرلائن کی تین خصوصی پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا پھیلتے ہی بیشتر ممالک نے زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں بند کردیں تھی جس کے باعث ہزاروں پاکستانی شہری بھی بیرون ملک پھنس گئے تھے تاہم ہم وطنوں کی واپسی کےلیے حکومتی اقدامات اب بھی جاری ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خلیجی ریاست سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس وطن لانے کےلیے تین خصوصی پروازوں کو کراچی لینڈ کرنے کی اجازت دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی پرواز 26 مئی کو 250 پاکستانیوں کو لے کر ریاض سے کراچی پہنچے گی جبکہ دوسری پرواز 250 پاکستانیوں کو لے کر 28 مئی کو جدہ سے لاہور پہنچے گی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق تیسری پرواز 250 ہم وطنوں کو لے کر 29 مئی کو ریاض سے لاہور پہنچے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ اجازت نامہ جاری کردیا، سعودی ایئر لائن نے کراچی، لاہور ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی درخواست دی تھی۔