کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ چینی پر سبسڈی دینے والے کو ڈھونڈ کر نکال لیں گے اور سزا بھی ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ چینی پر سبسڈی کے خلاف رہا ہوں، پتا نہیں کیوں شوگر مل مالکان سبسڈی لیتے رہتے ہیں، آج تک میں نے کوئی شوگر مل والا غریب نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اب رکنے والا نہیں ہے جو بھی قصور وار ہوگا اسے سزا ملے گی، چینی انکوائری رپورٹ آگئی اب اس کی بنیاد پر ایکشن ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں علی زیدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ کرونا سے حکمت عملی سے نمٹنا ہے۔
مزید پڑھیں: چینی کمیشن رپورٹ شاہد خاقان کے کارناموں سے بھری ہے، شہزاد اکبر
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے پوش علاقوں میں لاک ڈاؤن تھا پسماندہ علاقوں میں نہیں، سندھ حکومت نے پہلے دن سے ہی تباہی پھیر دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت 18ویں ترمیم کا سہارا لے رہی ہے، 18ویں ترمیم کے بعد صحت کا نظام صوبائی معاملہ ہوگیا، سندھ حکومت کے پاس صحت کا بجٹ تھا کیوں استعمال نہیں کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ چینی کمیشن رپورٹ شاہد خاقان عباسی کے کارناموں سے بھری ہے، ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن کے بغیر سبسڈی دی جو کرمنل ایکٹ ہے، 4.1 ارب سبسڈی سندھ حکومت نے اسٹیٹ بینک کے علم میں لائے بغیر دی۔