کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) نے شہرقائد میں رواں ہفتے ’ملٹی پل‘ پارٹیز کانفرنس کا اعلان کردیا، پی پی کے اہم رہنماؤں نے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے تیز کردیے۔
تفصلات کے مطابق پیپلزپارٹی کراچی میں ملٹی پل پارٹیز کانفرنس کرنے جارہی ہے جس کا انعقاد رواں ہفتے ممکن ہے۔ محکمہ خوراک سندھ نثار کھوڑ نے ن لیگ، جماعت اسلامی، جے یوآئی اور جے یو پی، اے این پی، نیشنل پارٹی اور پختونخوا عوامی ملی پارٹی سیمت دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے۔
پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ نثار کھوڑو نے سیاسی رہنماؤں کو بھی ملٹی پل پارٹیز کانفرنس پر اعتماد میں لیا۔
ادھر نثارکھوڑو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کانفرنس میں 18ویں ترمیم اور این ایف سی معاملات پر بات ہوگی، کانفرنس میں ٹڈی دل اور کرونا پر وفاق کے کردار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، سیاسی جماعتوں کو کانفرنس کے لیے باضابطہ دعوت نامے بھیجے جائیں گے، وفاق 18ویں ترمیم اور این ایف سی میں سندھ پر حملے کررہاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی میں صوبوں کا حصہ مرکز سے زیادہ ہونا وفاق کو چبھتا ہے، سندھ کسی صورت این ایف سی میں کٹوتی برداشت نہیں کرے گی، سندھ این ایف سی میں کٹوتی کے فارمولے کو تسلیم نہیں کرے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق 18ویں ترمیم پر راگنی آلاپ کر اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے چاہتا ہے، پیپلز پارٹی 18 ویں ترمیم اور این ایف سی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ٹڈی دل نے سندھ کے مختلف اضلاع میں فصلوں کی تباہی کی، وفاق ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کر رہا۔
نثار کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی نا سمجھ پالیسی سے کرونا کے باعث اموات بڑھیں، مہلک وبا سے بچاؤ پر سندھ کی تجاویز پر عمل ہوتا تو صورت حال یہ نہ ہوتی۔