واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسدمجید خان نے کہا ہے کہ عالمگیر وبا کروناوائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا پاکستان کو 21ملین ڈالر امداد دے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجیدخان کا نیس ڈیک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت نے ضرورت مند افراد کی مالی امداد کے لیے متعدد اقدامات کیے، وبا سے پاکستان کی معاشی ترقی کے سفر کو دھچکا لگا، پاکستان نے آئی ایم ایف کی 1.4بلین ڈالر ریپڈفنانس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ جی 20ممالک سے قرض کی واپسی میں نرمی کے لیے سہولت حاصل کریں گے، ورلڈبینک نے بھی اس غیر معمولی صورت حال میں پاکستان کی مدد کی، امریکا نے پاکستان کو 10ترجیحی ممالک کی فہرست میں شامل کیا۔
کروناوائرس: ’امریکا کی پاکستان کیلئے 80 لاکھ ڈالر سے زائد کی نئی امداد‘
یاد رہے کہ اپنے ایک بیان میں پاکستان میں تعینات امریکی سفیر جونزپال نے کہا تھا کہ امریکا 80لاکھ ڈالر سے زائد کی نئی امداد کے ساتھ پاکستان کی مدد کررہا ہے، امریکا کرونا پھیلاؤ اور متاثرہ افراد کی دیکھ بھال میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، تمام تراخراجات امریکی عوام ادا کررہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مالی معاونت متعدد امدادی سرگرمیوں کے لیے بروئےکار لائی جائے گی۔