تازہ ترین

ہیوسٹن : جارج فلوئیڈ کی آخری رسومات، ہزاروں افراد کی شرکت

ہیوسٹن : امریکہ میں مقتول جارج فلائیڈ کی آخری رسومات ادا کردی گئیں جس میں اہم شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، جارج فلائیڈ کو ریاست ٹیکساس میں ان کے آبائی شہر کے قریب قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

اس موقع پر ہیوسٹن شہر تقریباً ایک زیارت گاہ میں تبدیل ہوگیا انتہائی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ ڈیمو کریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے اس موقع پر فلوئڈ کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔

افریقی نژاد امریکی شہری جارج فلوئڈ کو ریاست ٹیکساس میں ان کے آبائی شہر کے قریب ایک قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ وہ اپنے خاندان کے واحد کفیل تھے۔

پولیس کے سخت پہرے میں سنسنی خیز انداز میں جارج فلوئڈ کی میت والا تابوت سفید گھوڑوں والی ایک بگھی پر اس قبرستان تک لایا گیا۔

قبل ازیں ہیوسٹن کے ایک چرچ میں انتہائی جذباتی تعزیتی تقریب میں500 افراد نے شرکت کی، جن میں جارج فلوئڈ کے رشتہ دار، دوست، سیاست دان اور کئی مشہور شخصیات شامل تھیں۔
بیشتر سوگواروں نے سفید لباس پہن رکھا تھا، پادری ریمس رائٹ نے دعائیہ تقریب میں جارج فلوئڈ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یاد رہے کہ سیاہ فام جارج فلوئیڈ کو میناپولس میں پولیس اہلکاروں نے دوران حراست قتل کردیا گیا تھا جس پر امریکا سمیت برطانیہ اور ہورپ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

لندن میں غلاموں کے تاجر رابرٹ ملی گرام کا مجسمہ بھی ہٹا دیا گیا۔میئر لندن صادق خان نے غلاموں کے کاروبار سے منسلک مجسمے ہٹانے اور سڑکوں کے نام تبدیل کرنے کے لیے کمیشن بنادیا، میکسیکو میں بھی ہزاروں افراد نے پولیس تشدد کیخلاف مارچ کیا اور نسل امتیاز ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

Comments

- Advertisement -