لاہور : وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لاہور کورونا کیسز کا گڑھ بن رہا ہے، جن علاقوں میں کیسززیادہ ہیں انہیں کل رات بارہ بجے سے سیل کردیا جائے گا تاہم متعلقہ علاقوں میں کھانے پینے ،میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا کی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا جن علاقوں میں کیسززیادہ ہیں ان سے متعلق حکمت عملی بنائی جارہی ہے، گزشتہ2روز میں بہت بڑی ایکسرسائز کی گئی۔
ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کل رات 12بجے سے کورونا سے زیادہ متاثر علاقوں کو سیل کیا جائے گا ، ان میں شاہدرہ، والڈ سٹی، مزنگ، شاد باغ، ہربنس پورہ، گلبرگ کے علاقے شامل ہیں۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ کینٹ، نشتر گراؤنڈ، علامہ اقبال ٹاؤن میں کچھ سوسائٹیزمیں کیسززیادہ ہیں، لاہورکےمتعلقہ علاقوں کو بند کردیا جائے گا، متعلقہ علاقوں میں کھانے پینے اور میڈیکل اسٹورزکھلے رہیں گے جبکہ جوہرٹاؤن میں 358،واپڈا ٹاؤن میں ڈھائی سو سے زائد کیسز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرےساتھ کمشنراورسی سی پی اولاہوردونوں موجود ہیں، ان علاقوں میں روزانہ1ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں، کل رات12بجے سے اس پرعمل درآمد شروع ہو جائے گا، کم ازکم2ہفتےکیلئےان علاقوں کو بند رکھاجائے گا اور دو ہفتے بعد صورتحال کا جائزہ لیکر علاقے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے مزید کہا کہ جو ایس اوپیز دی ہیں ان پر سختی سےعمل درآمدکریں، ایس اوپیز پر عمل کریں گے تو معیشت اور کاروبار چل سکےگا، وزیراعظم نے باربارہدایات کیں کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ وائرل انفیکشن ہے، جس سے دنیا بھر میں پھیلاؤ ہورہاہے، نیوزی لینڈ کی آبادی آدھے لاہورسے بھی کم ہے، آئرلینڈ جیسی جگہوں پر وبا پر کنٹرول کرنا تھوڑا آسان تھا، ان چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتوں نے سخت اقدامات کئے.