لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کے اہل خانہ کی کرونا رپورٹ بھی آگئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مداحوں کو بتایا کہ الحمد للہ میرے اہل خانہ کی کرونا رپورٹ بھی منفی آگئی ہے۔
حفیظ نے لکھا کہ ’اللہ ہم سب کو سلامت رکھے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے 7 کھلاڑیوں کرونا میں مبتلا ہوئے تھے جن میں محمد حفیظ بھی شامل تھے تاہم حفیظ نے دوسری بار کرونا ٹیسٹ کروایا تو ان کی رپورٹ منفی آئی۔
دوسری جانب حفیظ کی کرونا رپورٹ منفی آنے کے بعد پی سی بی کے ٹیسٹنگ معیار پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
کرکٹ تجزیہ کاروں سمیت سابق کھلاڑیوں کی جانب سے پی سی بی پر شدید تنقید کی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ پی سی بی ٹیسٹ کراتا ہے تو رپورٹ مثبت آتی ہے کھلاڑی نے خود کرایا تو رپورٹ منفی آگئی۔
قبل ازیں ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا تھا کہ وہ بلکل صحت مند ہیں اور احتیاط کے طور پر خود کو ایک کمرے تک محدود کردیا ہے، گزشتہ دو ہفتوں سے فٹنس پرکام کررہا ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ فاسٹ باولر محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔