لاہور: پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر دیا
تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوی ایشن (پیما) کے صدر محمد افضل میاں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کرونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ ہوگئی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے،بڑے شہروں میں 2 ہفتوں کا سخت لاک ڈاؤن لگایا جائے،سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال پر سختی سے عمل کرایا جائے۔
ڈاکٹر محمد افضل میاں کا کہنا تھا کہ ہر بڑے شہر میں کم از کم 3 بڑے اسپتال کرونا کے لیے مختص کیے جائیں،دیگر سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بستروں کی تعداد کو بڑھایا جائے،ملک بھرمیں آ کسیجن کی وافر اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیما ورچوئل کووڈ ہیلتھ لائن منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،منصوبے کا آغاز یکم جولائی سے ملک بھر میں ہو جائے گا،ہیلتھ لائن پر سیلف آئسولیشن کے لیے ڈاکٹرز اور ماہر نفسیات دستیاب ہوں گے۔
پاکستان میڈیکل ایسوی ایشن (پیما) کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے حکومت عوامی مفاد میں سفارشات پر عملدرآمد کرے گی۔