اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کرونا وائرس سے بچنے کے لیے گھر سے باہر کن چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سخت لاک ڈاؤن اور کرفیو کے بعد اب آہستہ آہستہ معمولات زندگی بحال ہورہے ہیں، ایسے میں گھر سے باہر جاتے ہوئے کچھ باتوں کا خیال رکھنا از حد ضروری ہے تاکہ اس وائرس سے بچا جاسکے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق وبائی امراض سے متعلق ایک غیر ملکی ادارے کی ریسرچ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گھر سے باہر 12 امور کا خیال رکھتے ہوئے کرونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اہم ترین نکتہ سماجی فاصلے کا ہے، گھر سے باہر جاتے وقت مندرجہ ذیل باتوں کے بارے میں خاص خیال رکھا جائے۔

ماسک

ماہرین کا کہنا ہے کہ ماسک جہاں جراثیموں کو منہ اور ناک تک پہنچنے سے روکتا ہے وہاں اس کا استعمال انسان کو یہ یاد دلاتا ہے کہ اسے وبائی مرض سے بھی محفوظ رہنا ہے اس لیے ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے تاکہ ہر وقت خود کو مختلف امور سے بچایا جا سکے۔

دروازوں کے ہینڈلز

گھر سے باہر مختلف مقامات پر دروازوں کے ہینڈلز خاص کر ٹوائلٹس کے دروازوں کے ہینڈلز کو استعمال کرتے وقت خاص احتیاط برتیں، کیونکہ فولادی اشیا پر وائرس 3 دن تک زندہ رہتا ہے، اس لیے دروازے کو کھولتے وقت کوشش کریں کہ کہنی کا استعمال کیا جائے یا ہاتھوں میں دستانے ہوں۔

مصافحہ کرنا

بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد مصافحہ کرنے کا رجحان ختم ہوچکا ہے کیونکہ ہاتھوں کے ذریعے کرونا وائرس کی وبا تیزی سے ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتی ہے۔

شاپنگ ٹرالیاں

سپر اسٹورز میں خریداری کے لیے جو ٹرالیاں استعمال ہوتی ہیں ان کے ہینڈلز جراثیموں کا گڑھ ہوسکتے ہیں۔

اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ جب بھی ٹرالی استعمال کی جائے تو اس کے ہینڈل کو اچھی طرح جراثیم کش محلول سے صاف کرلیں۔ خریداری کے بعد جتنی جلد ممکن ہو ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھولیں یا سینی ٹائزر استعمال کریں۔

لفٹ کے بٹن

لفٹ کے بٹنوں پر بھی جراثیم جمع ہوتے ہیں اس لیے کوشش کریں کہ بٹن کو انگلیوں کے بجائے ہتھیلی سے یا کسی اور چیز سے دبائیں۔

حاضری رجسٹر کے لیے پین

عام طور پر دفتروں میں حاضری رجسٹر کے ساتھ پین رکھا ہوتا ہے جسے ہر کوئی استعمال کرتا ہے، اس لیے کوشش کریں کہ حاضری کے لیے اپنا قلم استعمال کیا جائے۔

کرنسی

کرنسی کے لین دین سے کرونا وائرس تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے لہٰذا حتی الامکان کوشش کی جائے کہ کارڈ کے ذریعے رقم ادا کریں، اگر یہ ممکن نہ ہو تو کرنسی کو سینی ٹائز کیا جائے۔

عوامی سینی ٹائزر

عوامی مقامات پر نصب کیے جانے والے سینی ٹائزر کو دبانے والی جگہ، جہاں ہر کسی کا ہاتھ لگتا ہے اس سے بھی احتیاط برتی جائے۔

اے ٹی ایم

بینکوں کے اے ٹی ایم کے بٹنوں پر کورونا وائرس کی موجودگی لازمی ہے، اس لیے کوشش کی جائے کہ دستانے پہن کر اے ٹی ایم استعمال کریں یا انگلیوں کی پشت سے بٹن دبائے جائیں، اس کے فوری بعد ہاتھوں کوسینی ٹائز کر لیا جائے۔

اشیائے خور و نوش کے پیکٹ

مارکیٹ سے اشیائے خور و نوش خریدتے وقت ہر پیکٹ یا ڈبہ اٹھا کر دیکھنے کی ضرورت نہیں، اچھی طرح سوچنے کے بعد صرف خریدنے والی چیز کا انتخاب کریں اور اسے ہی اٹھائیں۔

برقی سیڑھیاں / عام سیڑھیاں

مارکیٹوں یا عوامی مقامات پر برقی یا عام سیڑھیوں کے ہینڈلز پر بھی جراثیم موجود ہوسکتے ہیں اس لیے انہیں چھونے سے گریز کیا جائے۔

ریستوران کے مینیو کارڈ

ریستوران میں کھانے کے مینیو کو چھونے سے گریز کریں کیونکہ انہیں بہت کم جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاتا ہے، اگر مینیو کو چھوئیں تو ہاتھ کو دھونے سے قبل منہ یا ناک کو نہ چھوئیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں