کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں خاتون کے ہاں بیک وقت تین بچوں کی پیدائش ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں خاتون کے ہاں بیک وقت تین بچوں کی پیدائش ہوئی، نومولود میں تینوں لڑکے شامل ہیں۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ تینوں بچے صحت یاب ہیں اور انہیں چند گھنٹے انکیوبیٹر میں رکھنے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
خاتون کے شوہرفیضان شیخ نے بچوں کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ساتھ خیریت کے تین بچوں سے نوازا جس پر بہت خوش ہوں، بچوں کی اچھی تربیت کرتے ہوئے انہیں اعلیٰ تعلیم دلوائیں گے۔
مزید پڑھیں: لاہور، خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش
دوسری جانب اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بچوں کی پیدائش کے بعد خاتون کو سانس لینے میں تکلیف ہوئی تو نجی اسپتال انتظامیہ نے انہیں کرونا میں ڈالنے کی کوشش کی جس پر اہلخانہ اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
اہلخانہ کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے تلخ کلامی کے بعد خاتون کو کرونا مریض ثابت کرنے کا اپنا ارادہ ترک کردیا جس کے بعد معاملہ رفع دفع ہوگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں پنجاب کے دارالحکومت میں نجی اسپتال میں خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، جن میں 2 لڑکے اور 2 لڑکیاں شامل تھیں۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ چاروں بچے صحت مند ہیں، بچوں کی پیدائش پر اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ان کے لیے تحائف بھی پیش کیے گئے تھے۔