اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت بڑی میڈیکل صنعت لگنے جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج ایک تاریخی دن ہے،وزیراعظم عمران خان نے وینٹی لیٹر کا پہلا بیج این ڈی ایم اے کے حوالے کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کو 57 ڈیزائنز ملے، 4 منظور ہوئے،4سرکاری و نجی ادارے ادارے وینٹی لیٹرز بنائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بہت بڑی میڈیکل صنعت لگنے جا رہی ہے،میڈیکل صنعت لگنےسے 3 سال میں ایک بلین ڈالر کی درآمدات بچائیں گے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو 5 سال میں کوئی میڈیکل آلات منگوانا نہیں پڑیں گے۔
وینٹی لیٹر کی تیاری پاکستان کے لئے ایک اہم کامیابی ہے، وزیراعظم
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے این آر ٹی سی کی جانب سے وینٹی لیٹر کی تیاری کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک اہم کامیابی ہے، پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارے پاس صلاحیت کی کمی نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئی تکنیکی جدت کے ذریعے خود انحصاری کی طرف جانا ہوگا، حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کوبروئے کار لانے کے لیے ہر اقدام کی حمایت کرے گی، اب ہماری توجہ صحت کی جامع اصلاحات پر رہے گی۔