لاہور: نامور پاکستانی اداکار منظر صہبائی نے ماضی کی خوبصورت یاد مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار منظر صہبائی نے بالی ووڈ کے شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار کے ساتھ 2012 میں ہونے والی ملاقات کی یادگار تصویر شیئر کردی۔
انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی 8 سال پرانی تصویر دلیپ کمار کے گھر میں ملاقات کے وقت کھینیچی گئی تھی جس میں لیجنڈری اداکار سفید لباس زیب تن کیے ہوئے دلکش مسکراہٹ کے ساتھ منظر صہبائی سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کا اصل نام محمد یوسف خان ہے، وہ پاکستان کے صوبے خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور قصہ خوانی بازار میں پیدا ہوئے۔
یوسف خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز برصغیرپاک وہند کی تقسیم سے 3 سال قبل فلم جوار بھاٹا اور پرتیما (1945) سے کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے سنگ دل، امر، اڑن کھٹولہ، آن، انداز، نیا دور، مدھومتی، یہودی اور مغل اعظم جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کی جس پر انہیں “شہنشاہ جذبات ” کا خطاب دیا گیا۔
شہنشاہِ جذبات نے سنجیدہ فلموں کے علاوہ مزاحیہ فلموں کوہ نور، آزاد، کنگا جمنا، رام اور شیام میں بھی مرکزی کردار ادا کر کے کمال اداکاری کے جوہر دکھائے۔