کراچی: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس معطل ہونے والا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک آسمان سے اترے فرشتوں کا ادارہ نہیں ہے، انہوں نے بہت تنگ کرلیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اہل کراچی کو کے الیکٹرک نے بہت تنگ کیا، صنعت، تجارت، کاروبار تباہ ہوگئے، شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئیں۔
عامر لیاقت حسین کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کےاہم افرادسے اسلا م آبادمیں ملاقات ہوئی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے عامر لیاقت کا استعفیٰ مسترد کردیا
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ ’کےالیکٹرک کالائسنس معطل ہونے والا ہے‘۔
کے الیکترک آسمان سے اُترے فرشتوں کا ادارہ نہیں ، بہت تنگ کرلیا انہوں نے اہلیان کراچی کو، بہت ستالیا انہوں نےمعصوم بچوں کو، صنعت، تجارت ، کاروبار سب تباہ کردیا،وزیراعظم جی ہدایت پر نیپرا کے اہم افرادسے اسلا م آباد میں ملاقات ہوئی، کے الیکٹرک کا لائسنس معطل ہونے والا ہے
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) July 23, 2020
یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے گزشتہ دنوں کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلنگ کے معاملے پر اسمبلی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات کر کے اپنا استعفیٰ پیش کروں گا کیونکہ کراچی کے عوام کو اس طرح تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ، عامر لیاقت کا احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے رکن قومی اسمبلی کو اسلام آباد طلب کیا اور اُن کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد عامر لیاقت نے استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ شہرقائد کے لوگ غیر اعلانیہ اور اضافی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کے الیکٹرک کے خلاف شدید برہم ہیں، ان کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جارہی ہے، گھنٹوں لائٹ غائب رہتی ہے اور کوئی پرسان حال بھی نہیں ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ شہر میں کہیں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی، مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا غلط ہے، صارفین کو فالٹ اور شٹ ڈاؤن کی پیشگی اطلاع بذریعہ میسج دی جاتی ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول روزانہ کی بنیاد پر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔