اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

پنجاب میں تعلیمی ادارے کھولنے کی تاریخ کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول ہوجانے پر اسکول 15 ستمبر سے کھول دیے جائیں گے، اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز مکمل طور پر تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب کے اسکولز 15 ستمبر سے کھلیں گے۔

مراد راس کا کہنا تھا کہ اسکول کھلنے کا دارو مدار کرونا وبا پر قابو پانے کی صورت میں ممکن ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز مکمل طور پر تیار ہیں، ایس او پیز کے حوالے سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔

مراد راس نے مزید کہا کہ 15 ستمبر سے پہلے اسکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔

خیال رہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولز کھولنے سے متعلق جو ایس او پیز تیار کیے ہیں ان کے مطابق ایک کلاس میں 20 سے زائد بچے نہیں بٹھائے جائیں گے، جگہ کی قلت والے اسکولز میں مارننگ اور ایوننگ شفٹس میں بچوں کو پڑھایا جائے گا۔

ایس او پیز کے تحت ایک ڈیسک پر 3 کے بجائے 2 طلبا کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، بچوں کو حساب، انگریزی اور سائنس مضامین پڑھائے جائیں گے اور باقی مضامین کا کام گھروں میں کرنے کے لیے دیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے تیار کیے گئے ایس او پیز کے مطابق ہر اسکول میں بچوں کے ہاتھ سینی ٹائزر سے دھونے کا انتظام لازمی کیا جائے گا، سینی ٹائزر اسکولز اپنے بجٹ سے خریدنے کے پابند ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں

مزید خبریں