اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کرکے جدوجہد کو روکا نہیں جاسکتا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے بھارت کے غیرقانونی جابرانہ و یکطرفہ اقدام کی مذمت کی، وفد نے حکومت اور وزیراعظم کی ذاتی کاوشوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مظلوم کشمیریوں کی موثر آواز بنے ہیں، موثر آواز بننے پر کشمیری قوم وزیراعظم کی مشکور ہے۔
وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مودی کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب کیا، عمران خان نے دنیا کو بھارت کا اصل روپ دکھایا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 9 لاکھ قابض افواج کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، آر ایس ایس فلسفے پر عمل پیرا مودی کے فاشسٹ عزائم واضح ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: کشمیرجلد آزاد ہوگا، سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دیں گے، عمران خان
عمران خان نے کہا کہ ہر سطح پر اور فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہوں گا، ظلم و ستم سے متاثرہ کشمیریوں کی آوازیں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں، پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی، سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے کہا تھا کہ5 اگست2019 کو مودی نے بہت بڑی غلطی کی،اس اقدام کے بعد کشمیریوں کی آزادی قریب ہے، وزیراعظم عمران خان نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دینے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کونشان پاکستان اعزاز سے نوازیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ5اگست 2019کو نریندر مودی نے جو قدم اٹھایا وہ اسٹریٹجک بلنڈر ہے، مودی نے پاکستان کی نفرت اور ہندو کارڈ کی بنیاد پر الیکشن جیتا تھا کشمیریوں کی جدوجہد کے نتیجے میں کشمیر آزاد ہوگا۔